اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پاک امریکا بزنس فورم کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ فورم کے انعقاد سے پاک امریکا معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔
پاکستان اور امریکا کے درمیان بے مثال تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان نئے تجارتی تعلقات استوار ہونے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن، خوشحالی اور استحکام چاہتے ہیں اس لئے امریکا نے پاکستان کے لئے تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
توانائی بحران اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مدد کریں گے۔ امریکا خطے میں معاشی سرگرمیوں کے لئے بھی تعاون جاری رکھے گا۔ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے اداروں میں اصلاحات اور ان کی تنظیم نو کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں 6 سو ملٹی نیشنل کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ مزید کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش مند ہیں۔