نیویارک (جیوڈیسک) پاکستان عالمی سطح پر کاروبار اور تجارت میں بھارت پر بازی لے گیا، پاکستان 53.9 اسکور کے ساتھ 107 ویں نمبر پر رہا، بھارت کو 47 اسکور دے کر 128ویں نمبرپر رکھا گیا تاہم تعلیم، قانون، آزادی صحافت اور سماجی شعبے سمیت دیگرکئی شعبوں میں پاکستان نہ صرف بھارت بلکہ جنوبی ایشیا کے بھوٹان جیسے ممالک سے بھی پیچھے ہے۔
تعلیم کے شعبے میں 142 ممالک میں پاکستان کا نمبر 141 واں ہے،پاکستان کو تعلیم جیسے اہم شعبے میں صرف 10.7 نمبر دیے گئے، چین جو اس فہرست میں اول نمبر پر ہے، اس کا اسکور 71.3 رہا۔
کورنل یونیورسٹی آسٹریلیااوراقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈانٹی لیکچوئل پراپرٹی رائٹس کی جانب سے کیے جانے والے مشترکہ گلوبل انوویشن انڈیکس (جی آئی آئی) کے ساتویں سالانہ سروے کے مطابق پاکستان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں جنوبی مشرقی ایشیاکے نیپال، بنگلہ دیش اوربھوٹان جیسے چھوٹے ملکوں سے بھی کہیں پیچھے ہے۔
گلوبل انوویشن انڈیکس کی رپورٹ دنیا کی تقریباً 150 معیشتوں کی ایجاد، اختراع اور ترقی کی صلاحیتوں کے بارے میں ہوتی ہے اور گزشتہ 7 برس میں اس سروے یا رپورٹ نے اپنی افادیت کی وجہ سے خاصی اہمیت حاصل کر لی ہے۔