لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل صہیب الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ جمعیت کے زیر اہتمام چلائی جانے والی عزم عالیشان ، ہمارا پاکستان مہم کے لئے بریفنگ کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے، صوبائی، ضلعی اور ڈویژنل سطح پر طلبہ اور ذمہ داران جمعیت کو مہم کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی یہ مہم قوم اور طلبہ کے لئے امید اور حوصلے کا پیغام ثابت ہوگی۔آج سے ہفتہ صفائی کے آغاز کردیا گیا ہے جس کے دوران آئیں اپنا محلہ/کلاس /کالج /ہاسٹل/ یونیورسٹی سنواریں۔
اس قسم کے سلوگن کے ذریعے عام افراد کو ساتھ ملا کر محلہ/کلاس/ہاسٹل/کالج/یونیورسٹی میں(صفائی،رنگ و روغن،شجر کاری، فرنیچر مرمت و پالش ،ماڈل کلاس روم کی تیاری ،لیکچرز،سیمینارز وغیرہ)کیے جائیں گے ۔وال چاکنگ مٹا کر شہر/کالج/کیمپس میں قرآنی آیات،احادیث،اقبالیات،اور دیگر جملوں پر مشتمل خوبصورت پینٹنگز بنائی جائیں گی۔ صہیب الدین کاکا خیل نے کہا کہ ہفتہ صفائی کے دوران ملک کے تعلیمی اداروں کی خوبصورتی کو چار چاند لگائے جائیں گے۔