سندھ : سندھ میں نئے کپتان سید مراد علی شاہ کی آمد ہوتے ہی ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کردیا گیا۔ خیرپور ناتھن شاہ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت نے 16کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقعے پر رکن سندھ اسیمبلی عبدالعزیز جونیجو اور رکن قومی اسیمبلی عمران ظفر لغاری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن پیپلز پارٹی نے ہر دور میں حکومت میں عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ الیکشن میں حلقے کی عوام سے شہر بھر میں ترقیاتی اسکیموں کے متعلق کیے گئے وعدے آج وفا ہوئے ہیں۔
شہر بھر میں دی گئی 16 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیم کو بہت جلد مکمل کیا جائے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسیمبلی عبدالعزیز جونیجو نے مزید کہا کہ سندھ کے نو منتخب وزیر اعلیٰ نوجوان ہیں اور سندھ کی عوام کے لیے اپنی خدمات سرانجام دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسیمبلی عمران ظفر لغاری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر پارٹی مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ سندھ اور سندھ کے عوام کو نظر انداز کیا ہے۔ضیاء الحق آج بہی چودھری نثار کے روپ میں زندہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواجہ آصف اور عابد شیر علی سندھ کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔افتتاحی تقریب سے پارٹی رہنما قمبر لغاری، مشہودالحق گاڈہی، علی محمد سومرو، اعجاز چانڈیو، ممتاز جوکھیو، امداد علی گاڈہی، شاہد تھیبو اور دیگر نے خطاب کیا۔