پاکستان میں کاروں کی فروخت 1 لاکھ 80 ہزار ہو گئی

Cars

Cars

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان میں کاریں تیار کرنیوالی کمپنیوں کیلیے فروخت کے لحاظ سے سال 2014-15 بہترین سال رہا، مقامی سطح پر کاروں کی فروخت 31فیصد اضافے سے 1 لاکھ 79ہزار 953یونٹس رہی، فروخت میں اضافے کی اہم وجہ پنجاب حکومت کی ٹیکسی اسکیم اور بینکوں کی جانب سے کار فنانسنگ میں اضافہ قرار دی جارہی ہے۔

گزشتہ مالی سال پاک سوزوکی کی فروخت 27فیصدبڑھ کر98ہزار 879 یونٹس، انڈس موٹرز کی فروخت 67 فیصد اضافے سے 56 ہزار 943 یونٹس، ہونڈا اٹلس کارز کی فروخت 23ہزار 622 یونٹس جبکہ متفرق فروخت 509 یونٹس رہی۔ سال 2013-14 میں مقامی تیار گاڑیوں کی فروخت 1لاکھ 36ہزار 888یونٹس رہی تھی اور اس سال فروخت میں سال بہ سال اضافہ محض 1فیصد رہا تھا۔ سال 2014-15 کی فروخت گزشتہ 5 سال کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔

گزشتہ 5 سال میں اوسط سالانہ فروخت میں 5.3فیصد اضافہ ہوا، کاروں کے ساتھ ٹریکٹرز کی فروخت میں بھی اضافے کا رجحان رہا،جولائی تاجون ٹریکٹرز کی فروخت 39 فیصداضافے سے 46ہزار 800 یونٹس رہی، ٹریکٹرز کی فروخت بھی گزشتہ 5سال کی بلندسطح ہے، سال 2013-14 میں ٹریکٹرز کی فروخت میں 34فیصد کمی ہوئی تھی جبکہ گزشتہ 5 سال کی فروخت میں اوسط 9.3 فیصد کمی ہوئی تھی۔

ملک میں استعمال شدہ کاروں کی طلب بھی برقرار ہے اور گزشتہ مالی سال کے دوران استعمال شدہ کاروں کی درآمد بھی 25 سے 30 ہزار یونٹس رہی، استعمال شدہ گاڑیوں کا مارکیٹ شیئر 15فیصد تک محدود ہے۔