ملتان (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہےکہ ملک میں سیاسی فساد کر کے طالبان کو مضبوط نہ بنایا جائے۔ ملتان میں عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال ملک کو بری طرح لوٹا گیا اب ایک سال میں ایسی کون سی انہونی ہوگئی جس سے لانگ مارچ کی ضرورت پڑ گئی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ فصلی بٹیرے باہر سے پاکستان آگئے ہیں اور یہاں انتشار پھیلا رہے ہیں جبکہ ملک میں سیاسی تخریب کاری نہیں کرنا چاہئے اس سے پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ اسلام آباد میں فوج سیاسی مصلحت کے لیے نہیں بلائی گئی اسے متنازع نہ بنایا جائے جبکہ وزیراعظم نوازشریف کی خواہش ہے کہ تمام مسائل مذاکرت سے حل ہوں اس طرح سیاسی فساد پھیلا کر طالبان کو مضبوط نہ بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہے ہیں جو کسی صورت درست نہیں ہے۔