پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصفانہ طریقے سے نہ بنایا گیا تو پنجاب کے خلاف نفرت بڑھے گی اور اس سے وفاق کمزور ہوگا۔
پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر حکومت اور چین کے درمیان گزشتہ 2 سال سے بات چیت ہورہی ہے لیکن حکومت نے صوبوں کو اعتماد میں ہی نہیں لیا اور صوبائی حکومتوں سے منصوبے کے روٹ کو چھپائے رکھا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ چاروں صوبوں کو جوڑنے کا زبردست موقع تھا لیکن حکومت بلوچستان سمیت پسماندہ علاقوں میں پسماندگی کے خاتمے کا موقع گنوا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ 60 فیصد پنجاب سے ووٹ حاصل کرکے حکومت بنا لی جائے جس کے بعد دیگر صوبوں میں کیا ہوتا ہے اس کی انہیں کوئی فکر نہیں ہوتی۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ وفاق نے خیبرپختونخوا کا 80 فیصد ترقیاتی بجٹ اب تک جاری نہیں کیا، تیسرا کواٹر ہے اور اب تک وفاق سے 80 فیصد بجٹ آجانا چاہیئے تھا لیکن 20 فیصد آیا اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ بجٹ خرچ نہیں کیا جاتا اگر بجٹ ریلیز ہی نہیں ہوں گے تو خرچ کس طرح ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بینک کینال 20 سال سے نہیں بن رہی اور وفاق کی جانب سے اس کا بجٹ کہیں اور مختص کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے پختونخوا کا پانی ضائع ہورہا ہے اور اگر یہ نہر بن گئی تو گندم کی کاشت میں صوبہ خود کفیل ہوجائے گا۔