کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان اور چین کے صنعتی شعبوں کے درمیان پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2020ء کے دوران 14 ملین ڈالر کے کاروباری معاہدے متوقع ہیں۔
ایورسٹ انٹرنیشنل کے تحت پاکستان انڈسٹریل ایکسپو 2020ء کے چوتھے ایڈیشن میں چین سمیت دیگر غیرملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔ اس عمل سے پاکستان کے صنعتی شعبوں کے روابط مضبوط ہونے سے ملک میں شعبہ جاتی بنیادوں پر سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو تقویت ملی ہے۔
اس تین روزہ ایونٹ میں 2000 سے زائد پروفیشنل پاکستانی کاروباری شخصیات نے شرکت کی جبکہ ایونٹ کے دوران 448 کاروباری اجلاسوں میں چین کے نمائش کنندگان نے پاکستانی کلائنٹس کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز میں شرکت کی۔
متعدد چیمبرز اور ایسوسی ایشنز نے اپنے وفود کے ہمراہ اس ایونٹ میں شرکت کی جن میں کنٹریکٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان، ساہیوال چیمبر، سرگودھا چیمبر، صوابی چیمبر، پاکستان ہارڈ ویئرڈ مرچنٹس، چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پشاور چیمبر اور کامرس اینڈ انڈسٹری شامل ہیں۔
کوروناوباء کی وجہ سے ایونٹ اگرچہ جدید ماڈل ”آن لائن + آف لائن“ پر کیا گیا لیکن پراڈکٹس کی نمائشیں فزیکلی طور پر کی گئی اور تمام B2B میٹنگز آن لائن ٹرمینل ایکوئپمنٹس کے ذریعے منعقد کی گئیں جو ہر بوتھ پر نصب تھے۔
نمائش کا افتتاح پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایس ایم نوید نے کیا اور کہا کہ پاکستان میں خدمات انجام دینے والی چین کی کاروباری شخصیات قابل تحسین ہیں انہی کی جہد مسلسل سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت وسعت اختیار کرتی جارہی ہے۔