پاک چین آپٹیکل فائبر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

Pakistan China Pptical Fiber Project

Pakistan China Pptical Fiber Project

گلگت (جیوڈیسک) گلگت بلتستان میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت آپٹیکل فائبر بچھانے کیلئے کام کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے گلگت میں پاک چین فائبر آپٹیکل کیبل منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف گلگت پہنچے جہاں پر انہوں نے پاک چین فائبر آپٹیکل کیبل منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ، وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کونسل کے نو منتخب ارکان سے حلف بھی لیا ۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ میں اس منصوبے کے انجینیئرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مشکلات کے باوجود اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ، جنہوں نے منصوبے کے دوران جان کا نذرانہ دیا ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ خنجراب سے راولپنڈی تک فائبر کیبل کی لمبائی 820 کلومیٹر ہوگی۔

یہ منصوبہ آنے والے دور میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ، اس سے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور خطے میں ترقی کی راہیں کھلیں گی ، خطے میں تھری جی اور فور جی کی سہولیات میسر ہوں گی ۔ آج پاکستان اور چائنہ کے پہلے مواصلاتی رابطے کا افتتاح ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد یہ خطہ دنیا کا جدید ترین خطہ بن جائے گا اور یہ دیگر تمام علاقوں سے ملے گا جس سے ترقی کی راہیں کھلیں گی ، وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس منصوبے کے اثرات عام آدمی تک پہنچنا ضروری ہیں ، اب عالمی سطح پر معاشی جنگ لڑی جا رہی ہے جس کا ہتھیار علم ہے ۔ ہمیں اپنی بقا کا چیلنج درپیش ہے۔

اس سے قبل اس سے بڑا کوئی منصوبہ اس خطے میں شروع نہیں کیا گیا ، اس سے ملک میں انتہا پسندی کے رجحان میں کمی آئے گی ، جب نوجوانوں کو روزگار ملے گا تو وہ دہشتگردی کی جانب نہیں جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ان علاقوں میں نئی راہیں کھولنے میں مدد ملے گی ، ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ، ان منصوبوں کے حوالے سے تمام اداروں کو ہدایت کرتا ہوں کہ آپٹیکل فائبر کا دائرہ ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلانے کا کام جاری رکھا جائے ۔ گلگت کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا اعلان کرتا ہوں اور دس کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں۔