اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبے کی فزیبلٹی کی تیاری پر مذاکرات کا عمل شروع ہو گیا، منصوبے پر اٹھارہ ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ پلاننگ کمیشن میں ہونیوالے مذاکرات میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال پاکستان وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
جبکہ چین کے ڈپٹی چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن چینی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔مذاکرات میں اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت کاشغر کو گوادر سے ملانے اور اس سے متعلقہ منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
پلاننگ کمیشن ذرائع کے مطابق اقتصادی راہداری منصوبے پر 18 ارب ڈالر لاگت آئے گی اور منصوبے کے تحت 200 کلو میٹر طویل سرنگیں بھی تعمیر کی جائیں گی، انڈس ہائی ،موٹر وے اور قراقرم ہائی وے کو اس منصوبے سے منسلک کیا جائے گا، کاشغر اور گوادر کو ریل لنک اور سڑکوں کے ذریعے ملایا جائے گا۔چینی وفد مختلف وفاقی وزرا سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔