لاہور (رشید لالہ) پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کودرست سمت کا انتخاب کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار پاکستان کرسچن یونائیٹڈ موومنٹ کے چیئرمین البرٹ ڈیوڈ نے گزشتہ روز ”روزنامہ عوامی محبت”کے چیف ایڈیٹر اقبال کھوکھر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
یہ ملاقات لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی ۔البرٹ ڈیوڈ نے ملک کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ملک میں مسیحیوں کی موجودہ صورتحال کے تناطرمیںکسی ایک شعبے ،فردیاادارے کو ذمہ دارقراردینے کی بجائے ہمیں اپنی سیاسی،سماجی اور مذہبی روایات کو ازسرنو مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔
ہمیں اپنی انائوں کے خول سے باہر نکل کرباہمی اختلافات سے بالاتر سوچنا پڑے گااور اس سوچ میں ذاتیات کی بجائے اجتماعیت کو اپنی مجموعی جدوجہد کا مرکزبناناہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصدمسیحی عوام کو اس شاہراہ پر گامزن کرنا ہے جس کی منزل خوشحالی،ترقی اورکامیابی ہے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سب کے جذبات واقدارکااحترام کرتے ہوئے متحدومنظم ہوکر متحرک ہونا چاہیے جس کے لئے ایم اے جوزف فرانسس کی وطن واپسی پردیگر رہنمائوں سے مشاورت کے بعد جلدلائحہ عمل بنایا جائے گا۔