لاہور (جیوڈیسک) مریم نواز نے گارڈن ٹاؤن میں جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے این اے 120 میں کلثوم نواز کی حمایت کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بنانے کے بعد بچانے کے لئے بھی شانہ بشانہ چلیں گے، ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں، اب میاں صاحب کو آمروں کے بارے میں پتا چلا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن میں واضح ہو جائے گا کہ عوام کس کیساتھ ہیں۔
الیکشن کمیشن کو سیاستدانوں کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے نہیں روکنا چاہئے۔ پیر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ بڑے بڑے جرائم کرنے والوں کی سزا کی تو حد ہوتی ہے مگر نااہلی کی مدت کی کوئی حد نہیں، جس میں پارلیمنٹ کی بھی کوتاہی ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے پیر اعجاز کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ انتخابی مہم میں کوئی سرکاری وسائل استعمال نہیں کر رہیں، مخالفین گلط الزام لگا رہے ہیں، میرے والد اور چچا سمیت پوری مسلم لیگ کی حمایت مجھے حاصل ہے، این اے 120 کا حلقہ میرے لئے نیا نہیں، حلقے کے لوگ خود میری والدہ کیلئے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔