لاہور : پاکستانی کمیونٹی جدہ کے بزرگ رہنما انجینئر عزیز احمد کے انتقال پر ملال پر ان کے دنیا بھر میں مقیم دوستوں نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات انجینئر افتخار چودھری نے مرحوم کی رحلت کو پیار اور محبت کے ایک سر چشمے کا بند ہونا قرار دیا
انہوں نے کہا کہ مرحوم پاکستانی کمیونٹی میں بڑے پیار سے دیکھے جاتے تھے۔ان کی وفات سے جدہ ایک عظیم شخص سے مرحوم ہو گیا ہے۔معروف سماجی شخصیت اور جدہ کی کمیونٹی کے جانے پہچانے ڈاکٹر غلام اکبر نیازی نے انجینئر عزیز کی رحلت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔
معروف دانشور انجینئر حفیظ اللہ نیازی نے انجینئر عزیز کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر منور ہاشمی سابق سفارت کار رانا عبدالباقی،تحسیم الحق اور دیگر دوستوں نے انجینئر عزیز کو پاکستانی کمیونٹی کا سرخیل قرار دیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی۔
معروف کالم نگار روء ف طاہر نے کہا ہے کہ انجینئر عزیز مرنجان و مرنج شخصیت تھے ان کا بچھڑ جانا ایک سانحہ سے کم نہیں۔لاہور سے انہوں نے اپنے بیان میں انجینئر عزیز کے لواحقین اور دوستوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔معروف نعت گو و نعت خواں نور جرال نے امریکہ سے تعزیتی بیان میں مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیا ہے۔سفارت کار مراد علی وزیر نے بحرین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
معروف شاعر اور جدہ کی ممتاز شخصیت نسیم سحر اور منور ہاشمی نے بھی اپنے دیرینہ دوست کی رحلت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ضلع ناظم ایبٹ آباد سردار شیر بہادر اخباری بیان میں انجینئر عزیز کی وفات کو کمیونٹی کا نقصان قرار دیا ہے۔دلشاد جانی،اشرف طاہر نے بھی انجینئر عزیز سے جڑی یادیں تازہ کیں۔