لاہور : کل پاکستان لبیک یارسول اللہ کانفرنس کی تاریخ ساز آخری نشست میں لاکھوں غلامان رسول نے شرکت کی جبکہ ملک کے طول وعرض سے علما ومشائخ کی بہت بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ حضرت پیر محمد افضل قادری ، شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی، ڈاکٹر اشرف آصف جلالی ودیگر سنی قائدین نے خطابات کئے اور لائحہ عمل سنایا۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے بانی حضرت پیر محمد افضل قادری نے لاکھوں افراد سے ہاتھ کھڑے کرواکر عہد لیا کہ انڈیا کی طرف سے کسی قسم کی جارحیت ہوئی تو ہم سب ریاست اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہونگے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریو! اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھنا ساری قوم تمہارے ساتھ ہے۔ اس موقع پر سارے اجتماع نے کشمیر میں قربانیاں دینے والے بڑھوں بیٹوں ماؤں بہنوں کو سلوٹ مار۔ پیر صاحب نے برما، شام، فلسطین اور دیگر بلاد اسلام میں ہونیوالے ظلم وستم کی شدید مذمت کی اور مسلم حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کو ٹھیک کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا۔
لہذا دہشت گردوں کی انتہا پسندی اور لادینیت وفحاشی پھیلانے والوں کی انتہاء پسندی کو مسترد کرتے ہوئے وطن عزیز اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رحمة للعالمین ۖ کا نظام مصطفی ونظام خلافت راشدہ نافذ کیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ وہ دہشت گردوں کیخلاف کاروائیوں پر توجہ دے لیکن دین کے نظام تعلیم وتربیت اور محب وطن علما مشائخ اور اذان پر پاندیاں ختم کرے۔
تحریک لبیک یارسول اللہ کے سرپرست اعلیٰ شیخ الحدیث حافظ خادم حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کیلئے بنا ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانا تحریک لبیک یارسو ل اللہ کا مشن ہے اور امت مسلمہ میں جہاں بھی کسی کو دکھ درد ہو اس کی امداد کرنا اور اس کی حمایت میں کھڑا ہونا ہمارا بنیادی مقصد ہے نہ ہم نے کسی کو گرانا ہے نہ کسی کو اٹھانا صرف رسول اللہ کے دین کو تخت پر لانا ہے۔ انہوں نے مسلسل پندرہ منٹ تک لبیک یارسول اللہ ۖ کے نعرہ لگوا کر سماں بند دیا۔
کانفرنس کا تاریخی اعلامیہ پیش کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ پاکستان سارے دشمن یاد رکھیں اب پاکستان بچانے والے میدان میں آگئے ہیں پاکستان بنانے والوں کے سپوتوں نے آج مینار پاکستا ن میں دوقومی نظریے کا علم بلند کر دیا۔ اغیار کی طرف دیکھنے والوں کو لبیک یارسول اللہ ۖ کانفرنس نے مدینہ منورہ کی طرف متوجہ کر دیا ہے۔
ہم لٹیروں، ظالموں، اورلبرل ایجنڈے کے ہر کاروں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اپنے غلط مشن سے باز آجاؤ ورنہ اہلسنت کا یہ موجزن سمندر تمہارے منصوبوں کو بہا کر لے جائیگا ۔ اب ہر جگہ لبیک یا رسول اللہ ۖ کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ دو مرتبہ مذاکرات کئے اور ہمارے مطالبات پورا کرنے کا وعدہ کیا مگر افسوس کہ اب تک وہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔
اگر ہمارے مطالبات فی الفور پورے نہ کئے گئے تو ہم 19اکتوبر کو پنجاب اسمبلی لاہور کے سامنے دھرنا دینگے۔
والسلام: پیر اعجاز اشرفی، شعبہ نشر واشاعت تحریک لبیک یارسول اللہ