اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی جب کہ ساڑھے 4 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ 67 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46969 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2458 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 67 افراد انتقال کرگئے۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں ساڑھے چار ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل 15 جولائی کو ایک روز میں کورونا سے 67 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6 فیصد رہی۔
پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ تجاوز کرگئی ہے اور کل کیسز 4 لاکھ 482 تک جا پہنچے ہیں جب کہ کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 8091 ہوگئی ہے۔
اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1863 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 174350 ہوگئی ہے جب کہ 2935 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 119578 ہے اور 3036 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17187 اور ہلاکتیں 167 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 47370 اور 1369 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 6933 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 169 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4658 اور 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 30406 ہے اور اب تک 318 مریض انتقال کرچکے ہیں۔