اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 71 افراد انتقال کر گئے جب کہ کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے کیسز 2 ہزار سے کم ہو کر 1700 پر آ گئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 47633 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1771 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 71 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.71 فیصد رہی۔
پاکستان میں تقریباً تین ماہ بعد ایک روز میں کورونا کے 2 ہزار سے کم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس سے قبل 9 مارچ کو ایک روز میں 1786 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 20850 افراد انتقال کر چکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 22 ہزار 824 ہو چکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 44 ہزار 638 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔