اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 46 افراد انتقال کرگئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 2.46 رہی جب کہ فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار سے کم ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 42113 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1038 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 46 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.46 فیصد رہی۔
ملک میں 24 مارچ کے بعد کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 40 ہزار سے کم ہوگئی ہے، 24 مارچ کو پاکستان میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 37985 تھی۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21828 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 44 ہزار 65 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 82 ہزار 332 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔