پاکستان: کورونا سے 72 اموات، مزید 3200 سے زائد کیسز رپورٹ

Pakistan Corona Cases

Pakistan Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 72 افراد جاں بحق ہوگئے اور 3200 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 39742 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 3270 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 72 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.22 رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13935 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 33741 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 34535 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1733 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 585271 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 263464 ہوگئی ہے جب کہ 4479 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 200969 ہے اور 6039 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19347 اور ہلاکتیں 203 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 80519 اور 2225 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 11792 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 338 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4974 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 52676 ہے اور اب تک 548 مریض انتقال کرچکے ہیں۔