اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 98 افراد انتقال کرگئے اور 4900 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 50055 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4974 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 98 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.9 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14530 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 72931 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 53127 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2148 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 605274 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 265680 ہوگئی ہے جب کہ 4502 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 223181 ہے اور 6427 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19576 اور ہلاکتیں 208 ہو چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 88099 اور 2363 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 12805 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 355 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5033 اور 103 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 58557 ہے اور اب تک 572 مریض انتقال کر چکے ہیں۔