اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 131 افراد وائرس سے انتقال کر گئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 51130 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4207 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 131 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.22 فیصد رہی۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 19987 افراد انتقال کرچکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 391 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 4 ہزار 122 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 11 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔