پاکستان: کورونا کی لہر میں تیزی، مزید 86 اموات اور 4500 سے زائد کیسز رپورٹ

Pakistan Corona Deaths

Pakistan Corona Deaths

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر کے دوران اموات اور کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 86 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد رہی۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 58 ہزار 203 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4537 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 86 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.79 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار 295 ہو گئی اور مجموعی کیسز 10 لاکھ 24 ہزار 861 تک جاپہنچے ہیں۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1489 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 38 ہزار 843 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 23295 ہے۔