اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے شدید وار جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 32 افراد انتقال کر گئےجب کہ مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد ہوگئی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی این سی او سی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 55202 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 5327 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ مزید 32 افراد وائرس سے اپنی جان کی بازی ہار گئے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.65 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 1500 مریض ایسے ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے اور ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 29301 ہو چکی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 14 لاکھ 30 ہزار 366 تک پہنچ چکی ہے۔