اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 16 افراد انتقال کر گئے اور 1160 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 32313 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1160 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 16 افراد انتقال کر گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 12617 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 72334 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 24226 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1384 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 35491 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 256220 ہو گئی ہے جب کہ 4292 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 167819 ہے اور 5208 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18988 اور ہلاکتیں 199 ہو چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 71043 اور 2036 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 9828 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 288 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4951 اور 102 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 43485 ہے اور اب تک 492 مریض انتقال کر چکے ہیں۔