اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز میں سے 42 فیصد کیسز کی ٹریول ہسٹری ہے یعنی یہ 42 فیصد افراد بیرون ممالک سے پاکستان آتے وقت کورونا میں مبتلا تھے جب کہ 58 فیصد کیسز ایسے ہیں جو مقامی طور پر ایک شخص سے دوسرے شخص میں وائرس منتقل ہوا۔
کمانڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں بدھ تک مجموعی طور پر 78 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں سے 6506 مصدقہ کیسز سامنے آئے جب کہ 124 افراد اب تک کورونا سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔
کمانڈ کنٹرول سینٹر کا بتانا ہےکہ ملک بھرمیں کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 1645 ہوگئی ہے۔
واضح رہےکہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 42 ہلاکتیں خیبرپختونخوا اور سندھ میں 41 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔