پاکستان: کورونا سے 6 ماہ کے دوران ایک روز میں ریکارڈ ہلاکتیں

Coronavirus

Coronavirus

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر مزید شدت اختیار کررہی ہے جس سے ایک روز میں ریکارڈ 111 اموات ہوئی ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37173 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2256 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے ریکارڈ 111 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں 6 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ اموات ہیں۔

اس سے قبل 25 جون کو ملک بھر میں کورونا سے 148 اموات سامنے آئی تھیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.3 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 9668 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 65070 تک جا پہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 38268 ہے۔

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1782 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 417134 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 207407 ہوگئی ہے جب کہ 3419 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 133874 ہے اور 3783 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18005 اور ہلاکتیں 181 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 56160 اور 1577 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8065 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 211 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4838 اور 99 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 36721 ہے اور اب تک 398 مریض انتقال کر چکے ہیں۔