اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 55 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36390 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2155 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 55 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.8 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرتے ہوئے 10047 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 77240 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 37080 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4619 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 430113 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 213193 ہوگئی ہے جب کہ 3520 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 137295 ہے اور 3982 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18118 اور ہلاکتیں 182 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 57982 اور 1627 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8241 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 220 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4855 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 37556 ہے اور اب تک 415 مریض انتقال کرچکے ہیں۔