لاہور (جیوڈیسک) نجم سیٹھی کا ظہیر عباس، انتخاب عالم اور ہارون رشید سمیت دیگر کرکٹرزسے تبادلہ خیال، نئے ڈرافٹ پر غور کیلئے پی سی بی کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان۔ پاکستان کرکٹ بورڈکی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کے نئے آئین کے مسودہ پر مشاورت شروع کردی، نئے آئین کے مسودے پر غور کیلئے بورڈ کی انتظامی کمیٹی کا اجلاس بھی جلد بلائے جانے کا امکان ہے۔
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈکی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پی سی بی کے نئے آئین کے مسودہ پراپنے مشیر خاص ظہیر عباس، انتخاب عالم اور ہارون رشید سمیت دیگر سابق کرکٹرزسے مشاورت کی ہے۔ نجم سیٹھی نے نئے آئین کے مسودے پر مشاورت کے لئے انتظامی کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں آئین کا مسودہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوائیں گے۔ جس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ پی سی بی کے نئے آئین میں زیادہ تر اختیارات چیف ایگزیکٹو کو سونپنے کی سفارش کی گئی ہے ۔