لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق لیگ اسپنر مشتاق احمد کو قومی ٹیم کا اسپین بالنگ کوچ مقرر کردیا ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی خدمات انجام دیں گے۔
اسپین بولنگ کوچ کی پوزیشن کے لئے مقابلہ سابق اسپن بالرز مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان تھا۔تین رکنی کوچ کمیٹی کی سفارشات اور ہیڈ کوچ وقار یونس سے مشاورت کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے مشتاق احمد کو اسپین بولنگ کوچ مقرر کردیا۔ انہوں نے دو سال کے معاہدے پر دستخط کرکے چارج سنبھال لیا۔ اس سے قبل مشتاق احمد 2008 سے 2014 تک انگلش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بحیثیت اسپین بالنگ کوچ کام کرچکے ہیں۔
سابق لیگ اسپنر ورلڈ کپ 2007 کے دوران پاکستان ٹیم کے ساتھ معاون کوچ کی چیثیت سے منسلک رہ چکے ہیں۔انہوں نے 52 ٹیسٹ اور 144 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی بھی کی ہے۔