لاہور (جیوڈیسک) پاکستان میں عالمی کرکٹ کی فاتحانہ انداز میں بحالی کے بعد ملکی اور غیر ملکی کرکٹ شائقین سمیت فنکار اور سابقہ و موجودہ فنکار بھی اس خوشی کے موقعے پر پھولے نہیں سما رہے جس کا اظہار وہ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کرتے نظر آ رہے ہیں۔
پاکستان میں کرکٹ کے طویل قحط کے خاتمے سمیت پاکستان کی زمبابوے کیخلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شاندار فتح کے بعد ملک اور بیرون ملک میں کرکٹ دیوانے اور فنکار اس کامیابی کے گن ٹوئٹر پر گاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
بھارت کے معروف اداکار رشی کپور نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی دہشتگردوں کی شکست ہے۔ نوجوانوں کے من پسند پاکستانی گلوکار فخر عالم نے ٹوئٹر پر زمبابوے ٹیم کو پاکستان کیخلاف ناکامی کے باوجود ‘ہیرو’ قرار دیا۔
پاکستان کے سابق سٹار کپتان وسیم اکرم نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں قومی ٹیم کی زمبابوے کیخلاف کامیابی کو خوب سراہا۔
گرین شرٹس کے آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی اپنے جذبات کا اظہار کئے بغیر نہ رہ پائے، محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم آنے والے کرکٹ دیوانوں کی سپورٹ کا شکریہ ادا کیا۔