لاہور (جیوڈیسک) احسان مانی نے نجی ویب سائیٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ آئی سی سی کا زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان میں اپنے امپائرز نہ بھیجنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ آئی سی سی کو پاکستان پر اعتماد نہیں ہے وہ ابھی بھی پاکستان کو ہائی رسک اور اپنے آفیشلز کو غیرمحفوظ سمجھتی ہے۔
آئی سی سی کے سابق صدر کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کے پاکستان آنے سے دیگر بڑی ٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہ ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں گی۔
احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی نے جو ٹاسک فورس قائم کی تھی اس نے بھی صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامی ڈھانچے میں ردوبدل کے بارے میں کچھ بیان دیے تھے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔
زمبابوے نے آئندہ ماہ اپنی ٹیم پاکستان کے مختصر دورے پر بھیجنے پر رضامندی ظاہر کی ہے اور اس کی سکیورٹی ٹیم حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آ رہی ہے۔