ناٹنگھم (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم مشن ورلڈ کپ شروع کرنے کارڈف سے ناٹنگھم پہنچ گئی، رابن ہڈ کا شہر ورلڈ کپ کے ابتدائی 2 میچوں میں پاکستانی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔
جمعے کو پاکستان کا میچ دو مرتبہ کی سابق ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز اور اس کے بعد دوسرا میچ میزبان انگلینڈ سے ہو گا۔
پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر،چیف سلیکٹر انضمام الحق کی مشاورت سے 11 کھلاڑیوں کی ٹیم تشکیل دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینٹ برج کی پچ دیکھ کر ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز فیصلہ کریں گے کہ پاکستان 7 بیٹسمینوں کے ساتھ جائے گا یا 6 بیٹسمینوں کے ساتھ میدان میں اترے گا۔
امکان ہے کہ 11 رکنی ٹیم میں تجربہ کار شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ایک ساتھ جگہ ملنا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ فخر زمان اور امام الحق پاکستانی اننگز کا آغاز کریں گے۔
تیسرے نمبر پر بابر اعظم آئیں گے۔ آسٹریلیا کے سابق کپتان مائیکل کلارک بابر اعظم کو پاکستانی ویرات کوہلی کا خطاب دے چکے ہیں۔
چوتھے نمبر پر حارث سہیل کھیلیں گے جبکہ پانچواں نمبر کپتان سرفراز احمد کیلئے مخصوص ہے۔ چھٹی پوزیشن پر محمد حفیظ اور شعیب ملک میں مقابلہ ہے۔ دوآل راونڈرز عماد وسیم اور شاداب خان ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
فاسٹ بولنگ کی ذمے داریاں حسن علی، محمد عامر اور وہاب ریاض نبھائیں گے۔ اگر پاکستان ایک اضافی بیٹسمین کو کھلاتا ہے تو عماد وسیم کی جگہ آصف علی ٹیم میں شامل ہوں گے جبکہ دس اوورز محمد حفیظ، حارث سہیل اور فخر زمان کرائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے پاکستانی کھلاڑیوں پر واضح کردیا ہے کہ انہیں جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی کیوں کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔