لاہور (جیوڈیسک) ’’کرکٹ بائی چانس‘‘ پاکستان کپ میں پنجاب کی ٹیم خیبرپختونخوا کیخلاف جیتی بازی ہار گئی،سلمان بٹ کے 77رنز بے کار گئے، محمد رضوان(47) اور شعیب ملک(41) نے فتح کے قریب پہنچ کر وکٹیں گنوا دیں،ٹیل اینڈرز 2 رنز سے ناکامی کو نہ ٹال سکے، مین آف دی میچ راحت علی نے 4 شکار کیے۔
اس سے قبل فاتح ٹیم نے6وکٹ پر 262کا مجموعہ ترتیب دیا، احمد شہزاد، فخر زمان اور زوہیب خان نے ففٹیز بنائیں۔ فیصل آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخواکی جانب سے احمد شہزاد 88 رنز کی اوپننگ شراکت میں 57 کا حصہ ڈال کر پویلین لوٹے، انھیں ذوالفقار بابر نے ایل بی ڈبلیو کیا، کپتان یونس خان صرف 2 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے،فخر زمان(64) کو عامر یامین نے بولڈ کیا تو اسکور بورڈ پر 143کا مجموعہ درج تھا، ذوالفقار بابر نے محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپڈکرواکے رمیز عزیز کی اننگز 35پر تمام کی،فہیم اشرف(14) کو احسان عادل نے وکٹ کیپر کا کیچ بنوایا، زوہیب خان 51پر ناقابل شکست رہے۔
ان کا ساتھ دینے والے بسمہ اللہ خان آخری اوور میں 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،عامر یامین کی گیند پر اکبر الرحمان نے کیچ لیا، خیبر پختونخوا نے 6وکٹ پر 262کا مجموعہ ترتیب دیا، ذوالفقار بابر 62اور عامر یامین54رنز دے کر 2، 2وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، احسان عادل نے 57رنزکے بدلے ایک شکار کیا۔ جواب میں پنجاب کی جانب سے سلمان بٹ نے پُراعتماد آغاز کیا۔
سیف بدر 19رنز بناکر راحت علی کی گیند پر بسم اللہ خان کو کیچ دے بیٹھے، اسد شفیق نے اوپنر کے ساتھ مل کر ٹوٹل 30ویں اوور میں 149تک پہنچایا، پیسر نے ان کی اننگز47پر تمام کرنے کیلیے فخر زمان سے معاونت حاصل کی، ضیا الحق نے اسی فیلڈر کی مدد سے سلمان بٹ کو 77 رنز پر پویلین بھیج کر خطرے کی گھنٹی بجائی، شعیب ملک اور محمد رضوان نے پُراعتماد بیٹنگ سے منزل کی جانب سفر جاری رکھا،21گیندوں پر اتنے ہی رنز کی ضرورت تھی کہ اچانک بازی پلٹ گئی،کپتان نے 41 رنز پر بولر زوہیب خان کو ہی ریٹرن کیچ تھما دیا، راحت علی نے محمد رضوان(47) کو وکٹ کیپر کے تعاون سے میدان بدر کیا، سعد نسیم(5) رن آؤٹ ہوئے تو 10گیندوں پر 12رنز درکار تھے۔ آخری اوور میں راحت علی نے اکبر الرحمان(7) کو احمد شہزاد کی مدد سے دھر لیا، آخری گیند پر 3رنز درکار تھے لیکن پیسر نے گیند بیٹ کے قریب سے گزار دی،راحت علی نے 47رنز دیکر 4شکار کیے،ضیا الحق اور زوہیب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔