پاکستان سے اندھیرے دور کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ رانا بابر حسین
Posted on April 16, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور : صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو توانائی کے بحران سمیت دیگر مسائل سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور توانائی کے مسئلے سے نکلنے کیلئے چین بھی پاکستان کی بھرپور مدد کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے اندھیرے دور کرنے کا وعدہ پورا کریں گے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری 3 سال تک کراچی کی بندرگاہ پر زنگ آلود ہوتی رہی اور اب اس منصوبے پر غریب قوم کے 27 ارب روپے اضافی خرچ کرنا پڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ ساڑھے پانچ سو میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے اس منصوبے سے بجلی کا مرحلہ وار حصول شروع ہو جائے گا اور انشااللہ جلد پاکستانی عوام کو اندھیروں سے ضرور نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں سے پاکستان کو ایسی فلاحی مملکت بنائیں گے جو عوام کے دکھوں کا صحیح معنوں میں مداوا کر سکے اور انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com