کراچی (اسٹاف رپورٹر) فردوس اتحاد کے زیر اہتمام پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی ڈویژن شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 10واں SSBیوم پاکستان ایوارڈ کی تقسیم کے حوالے سے شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر قائد کے ممتاز اسپورٹس آرگنائزرز اور کھیل کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے کھلاڑیوں کو یوم پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقسیم ایوارڈ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر سنٹرل کمال حکیم نے کہاکہ کھیل صحت مند سرگرمیوں کے ساتھ قیام امن کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے کھیل کے فروغ کے حوالے سے شہر میں نمایان خدمات انجام دینے والے شہر کے خیر خواں اور امن کے داعی ہیں۔
انہوں نے فردوس اتحاد کے سیکریٹری جنرل اور شہر میں کھیلوں کے فروغ اور اس کی سرپرستی کرنے والی معروف شخصیت حاجی غلام محمد خان شہر میں قیام امن کے لئے کھیلوں کے ذریعے اتحاد و بھائی چارگی کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کو سراہتے ہوئے گزشتہ 10سال سے شہر میں اسپورٹس سرگرمیوں کے فروغ میں سرگرداں شخصیات کو ایوارڈ سے نوازنے کے سلسلے میں حاجی غلام محمد خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کی صدارت کے سی سی اے کے نائب صدر سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اقبال وارث نے کی تقریب سے دیگر مقررین جن میں خالد رحمانی ،ڈاکٹر سید پرویز رضوی ،نسیم حسین ،پروفیسر رائو جاوید اقبال ،محمد ارشد ،سکندر بلوچ ساجد رند ،سیدہ ارم بخاری ،ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی جمیل احمد ،شاہد مسعود ،آصف عظیم ،عبدالحمید نے اپنے خطاب میں فردوس اتحاد ،پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کو 10واں یوم پاکستان ایوارڈ کی تقسیم ایوارڈ کی شایان شان تقریب کے انعقاد کو سرا ہتے ہوئے اسے شہر میں قیام امن کی فضا کے لئے ایک قابل تحسین عمل قرار دیا۔
تقریب میں شہر کراچی کے ممتاز اسپورٹس آرگنائزرز اور کھلاڑیوں میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے تقریب کے اختتام پر سینڈرا اسکول کی ننھی طالبہ حفظہ خان نے ترنم کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا جس میں صدر تقریب کے سی سی اے کے نائب صدر اقبال وارث نے ننھی طالبہ کو 5ہزار روپے کیش انعام سے نوازا۔