پیرمحل (خصوصی رپورٹ) یومِ پاکستان 23 مارچ ہماری قومی تاریخ میں ایک ناقابل فراموش سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان میں جاری دہشت گردی اور کرپشن زدہ معاشرے میں قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا ہے ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی مشیر ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے پیپلز پارٹی پیرمحل تحصیل کے رہنما میاں محمود احمد کی رہائش گاہ پر یوم پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ عزم پاکستان کی تقریب میں شریک پارٹی ورکروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ جن محروم طبقوں اور اقلیتوں نے پاکستان بنایا تھا وہ غریب لوگ آج بھی ملک میں بااثر اشرافیہ کی سماج دشمن پالیسیوں کی بدولت معاشی بدحالی کا بُری طرح شکار ہے فاقوں سے تنگ غریب سفید پوش پسے ہوئے طبقے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ہمارے حکمران اپنی عیاشیوں سے ملک و قوم کو کنگال کرنے میں حد سے زیادہ مصروف عمل ہیں ۔ پاکستان سے محبت کرنے والی تمام سیاسی و مذہبی اور اقلیتی قوتوں سمیت ہر پاکستانی آج یوم پاکستان کے موقع پر تجدید عہد کرے کہ حالات جیسے بھی ہوں ہم نے پاکستان کی سلامتی ، قومی یکجہتی اور معاشی ترقی سمیت دہشتگردی کے خلاف اپنا قومی و مذہبی کردار ہر ممکن ادا کرنا ہے۔
ورنہ ہماری موجودہ نوجوان نسل اور آنیوالی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی بیگم نصرت بھٹوکی شخصیت جمہوری اقتدار کے فروغ اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے لیے مسلمہ حقیقت ہے ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات پی ایل بی محمد طاہرشیخ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکنان قائد اعظم ، شاعر مشرق حضرت اقبال ، شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے ملک و قوم سے والہانہ عقیدت رکھنے والے فلسفے کی روشنی میں وطنِ عزیز کے تحفظ ، انتہا پسندی ملک میں جاری عدم برداشت کے رویے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپنا تن من دھن قربان کرنے سے گریز نہیں کریں گے بیگم نصرت بھٹو کی جمہوری وقومی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ سٹی صدر و جنرل سیکرٹری پی پی پی پیرمحل شیخ محمداکرم نے کہا کہ نئی نسل نظریہ پاکستان کو فراموش کر رہی ہے میزبان تقریب میاں محمود احمد نے کہا حکمران جماعت قائد اعظم کے پاکستان کو اپنی ناکام پالیسیوں اور غریب کش نعروں سے خوشحالی کی بجائے بدحالی کا شکا ر کر رہی ہے۔
شہید بی بی این جی او کی رہنما نور فاطمہ بنت طاہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا دین اسلام اور قائد اعظم ، حضرت علامہ اقبال کے ارشادات ہمیں بے صبری ، عدم برداشت اور ملک سے بے وفائی کرنے کی اجازت نہیں دیتے ضرورت اِس امر کی ہے کہ صرف اخباری بیانات اور ٹاک شو کے ذریعے عوام کا استحصال نہ کیا جائے آخر پر شہدائے پاکستان ، پاک آرمی ، سکیورٹی فورسز ، اقلیتی برادری کے رہنمائوں سمیت شہید بھٹو بے نظیر خاندان کے افراد سمیت پوری امت محمدیہ ۖ کے ایصال ثواب کیلئے دُعائے مغفرت کی گئی او ر ملک و قوم کی سلامتی کے علاوہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔