اسلام آباد (جیوڈیسک) دشمن کے لئے للکار اور دوستوں کے لئے دل میں پیار لئے سات سال بعد اسلام آباد میں مسلح افواج کے دستوں کی پریڈ ہوگی۔ پریڈ میں حسب روایت ایس ایس جی کمانڈوز ”اللہ ہو” کے نعروں کی گونج میں سلامی دیں گے۔
فضاء میں ملی نغمے گونجیں گے اور خواتین کا خصوصی دستہ سلامی دیتے ہوئے بے مثل نظر آئے گا۔ بری فوج کے ساتھ فضائیہ کے جوان بھی فضاء میں اپنی مہارت دکھائیں گے۔
فلائی پاسٹ کے ساتھ چاق وچوبند دستے مارچ پاسٹ کریں گے۔ پاکستان کی بحری سرحدوں کے محافظ نیوی کے جوان بھی سلامی دیں گے۔ فرنٹینر کانسٹیبلری کے دستے بھی پریڈ کا حصہ بنیں گے۔ سروں پر دستار اور ہاتھوں میں پرچم اٹھائے گھڑ سوار بھی قدم بہ قدم سلامی دیں گے۔
میکنائزڈ انفنٹری یونٹ اور لائٹ انفنٹری کمانڈو بٹالین کے دستے، پاک آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز، بیل ہیلی، ایم آئی سیونٹین، کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹرز اور پوما ہیلی کاپٹرز بھی سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزریں گے۔
سٹریٹچک پلانز ڈویژنز کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہیں۔ پاکستان کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل خصوصاً رعد اور نصر میزائل اور ٹینک الضرار اور الخالد بھی پریڈ کی رونق ہیں۔ پاکستان کے چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی ثقافت کی جھلک لئے فلوٹ بھی تقریب کا حصہ ہیں۔
اس دوران علاقائی رقص اور ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی۔ صدر مملکت ممنون حسین بحیثیت سپریم کمانڈر مسلح افواج پریڈ کا معائنہ کرینگے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت مسلح افواج کے سربراہان فوجی دستوں سے سلامی لیں گے۔