اسلام آباد (جیوڈیسک) یوم پاکستان پر سات سال بعد مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب دوبارہ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پریڈ ایونیو کو بہتر بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حفظ ماتقدم کے طور پر شاہراہ کشمیر پر بھی پریڈ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
پریڈ کی ریہرسل کے لیے مسلح افواج کے دستے پندرہ فروری کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 23 مارچ کو شاندار تقریب میں سلامی پیش کریں گے۔ امکان ہے کہ یوم پاکستان کی تقریب میں پاک فضائیہ کے طیارے بھی سلامی دیں گے۔
مسلح افواج کی یہ پریڈ سات برس پہلے دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے بعد روک دی گئی تھی لیکن اب ایک بار پھر پریڈ ایونیو قومی جذبوں، نغموں اور نعروں سے گونجے گا۔ یوم پاکستان کی تقریب میں وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان اور مختلف ممالک کے سفیر شرکت کریں گے۔ چین کے صدر جن پنگ مہمان خصوصی ہوں گے۔