اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے ایک اور ہلاکت خیز دن رہا جس میں 105 افراد وائرس سے انتقال کر گئے۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 54948 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5312 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 105 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.6 فیصد رہی۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15229 ہوگئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 10829 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 69811 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2390 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 625789 ہو گئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 267970 ہوگئی ہے جب کہ 4521 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 243295 ہے اور 6851 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 20097 اور ہلاکتیں 213 ہو چکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 96128 اور 2553 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 14069 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 391 افراد انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5097 اور 103 افراد انتقال کر چکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 64173 ہے اور اب تک 597 مریض انتقال کر چکے ہیں۔