میر پور (جیوڈیسک) میر پور کے شیر بنگلا سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے تمیم اقبال نے 116 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضی نے بھی 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
دوسری جانب پاکستانی کھلاڑی آج بھی بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں بری طرح ناکام دکھائی دیئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان، راحت علی اور سعید اجمل نے صرف ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔
پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹںگ کا فیصلہ کیا۔ اظہر علی اور سرفراز احمد نے اننگز شروع کی اور ٹیم کو 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ تاہم سرفراز احمد صرف 7 رنز بنانے کے بعد روبیل حسین کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔ سابق کپتان محمد حفیظ اس میچ میں بھی کوئی رن نہ بنا سکے اور عرفات سنی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
کپتان اظہر علی 36 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد شکیب الحسن کا شکار بنے جبکہ فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے ناصر حسین کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے 13 رنز بنائے اور شکیب الحسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد سعد نسیم اور حارث سہیل نے چھٹی وکٹ کے لئے 77 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس پارٹنر شپ کو مشرفی مرتضیٰ نے توڑا جب انہوں نے حارث سہیل کو اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کر دیا۔ حارث سہیل نے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد سعد نسیم اور وہاب ریاض نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے جاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے سکور کو 239 تک پہنچایا۔ سعد نسیم نے 77 جبکہ وہاب ریاض نے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 2 جبکہ مشرفی مرتضیٰ، عرفات سنی, روبیل حسین اور ناصر حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔