لاہور (جیوڈیسک) دفاعی پیداوار کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان کا ہے۔ پاکستان نہ صرف ایشیا بلکہ دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔
اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ماحول کو ساز گار بنایا جا رہا ہے۔ ملک کی اقتصادی صورتِحال روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ ڈالر کی قدر میں کمی اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بہترین معاشی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
پاکستان دفاعی آلات کو دنیا میں متعارف کرواکر کثیر زرِ مبادلہ کماسکتا ہے۔ وہ اتوار کے روز ملائشیا روانگی سے قبل شیخوپورہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اپنے وفد کے ہمراہ ملائشیا میں ہونے والی دفاعی آلات کی نمائش میں شرکت کیلیے ملائشیاروانہ ہونگے۔
اپنے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کے ملائشیا کے ساتھ گہرے مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں، ہم ملائشیا کی ترقی اور تجربات سے فائدہ اُٹھائیں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے ساتھ وفود کے تبادلوں سے ملائشیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔