واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مظاہروں نے پاکستان کے جمہوری اداروں کے لیے چیلنج کھڑا کردیا لیکن جمہوری ادارے طوفان کا مقابلہ کررہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آپریشن اب تک کا سب سے بھرپور آپریشن ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ کام ابھی مکمل نہیں ہوا۔
افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے پرنسپل نائب نمائندہ خصوصی جیریٹ بلانک نے کانگریس کی سب کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی صورتحال پر تفصیلی بیان دیا ۔انہوں نے کہا کہ مستحکم ، خوشحال پاکستان دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔
پاکستان کا خطے میں تعمیری کردار اور بھرپور اثر ہے ۔پاکستان نے جمہوری اور اقتصادی طور پر پیش رفت کی ہے ۔ اس کے ادارے اپوزیشن کے ملک گیر احتجاج کے چیلنج کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ پاکستان کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرنا تو آسان ہے لیکن اس کی کامیابیاں بھی اتنی ہی آسانی سے نظر انداز کردی جاتی ہیں ۔شمالی وزیرستان آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے امریکی نمائندے نے کہا کہ پاکستان اپنے قبائلی علاقوں میں کئی آپریشن کرچکا ہے لیکن شمالی وزیرستان میں اب تک کی سب سے بھرپور کارروائی کی جارہی ہے۔
پاکستان کی قربانیاں قابل تعریف ہیں اور امریکا ان کا اعتراف کرتا ہے، لیکن یہ بات بھی واضح ہے کہ کام ابھی مکمل نہیں ہوا ۔ عسکریت پسند گروپ اب بھی پاکستان ، اس کے پڑوسیوں اور امریکا کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ آپریشن جاری رہے اور صرف ان کے محفوظ ٹھکانے ختم نہ کیے جائیں بلکہ انہیں دوبارہ منظم نہ ہونے دیا جائے۔