پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدربشارت مرزا نے کہاہے کہ نگراں سیٹ اپ پر جلدازجلد اتفاق رائے ہونا بہت ضروری ہے
Posted on March 20, 2013 By Noman Webmaster کراچی
کراچی : پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی صدربشارت مرزا نے کہاہے کہ نگراں سیٹ اپ پر جلدازجلداتفاق رائے ہونابہت ضروری ہے ،جس طرح پانچ سال تک جمہوری قوتوں نے جمہوریت کے تسلسل کوبرقرار رکھاہے اسی طرح آئندہ بھی مل بیٹھ کرملکی اورقومی مفاد میں متفقہ فیصلے کرلئے جائیں تاکہ جمہوری اقدار کونقصان نہ پہنچے ۔یہ بات انہوں نے ایم اعجازخان کی قیادت میں ناظم آباد سے آئے ہوئے نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
نوجوانوں نے حکومت کی پانچ سالہ مدت کی تکمیل کے بعد نگراں سیٹ پر اتفاق رائے نہ ہونے پر تشویش اور اضطراب کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک کے نوجوان پہلی مرتبہ کسی جمہوری حکومت کواپنی آئینی مدت پوری کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں جوان کے لئے ایک حوصلہ افزاء اور خوش آئندبات ہے اور اس سے نوجوانوں کا جمہوریت پر اعتمادبھی قائم ہواہے ،لیکن اتنی بڑی کامیابی کے بعد نگراں سیٹ اپ پر سردجنگ حیران کن اورتشویشناک ہے۔
ہم نوجوان یہ سمجھتے ہیں کہ اس کافائدہ غیرجمہوری قوتیں اٹھاسکتی ہیں۔بشارت مرزانے کہاکہ یہ ہمارے لئے انتہائی حوصلہ افزاء امر ہے کہ ہماری نوجوان نسل نہ صرف ملکی حالات پرگہری نظررکھتی ہے بلکہ اس میں صحیح وغلط کاشعور بھی موجود ہے،انہوں نے نوجوانوں کواس حوالے سے اپنے خیالات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ یہ بھی جمہوریت کاحسن ہے کہ سیاسی قوتیں بہتر سے بہتر کی تلاش میں ہیں اور جیسے ہی نگراں سیٹ اپ کے لئے کوئی موزوں شخصیت سامنے آئی باہمی اتفاق ہوجائے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) ناصراسلم زاہد اور ڈاکٹر عشرت حسین ایسی شخصیات ہیں کہ جن پر پوری قوم متفق ہوسکتی ہے۔ بشارت مرزانے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی متوسط طبقے کی جماعت ہے اور خصوصاً نوجوان نسل کوسامنے لاناچاہتی ہے۔
نوابزادہ نصراللہ خان نوجوانوں سے بہت محبت کیاکرتے تھے ا ن کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ نوجوان نسل آگے آئے اور ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔اس موقع عمران مرزا،عبدالحمیدمغل ،ڈاکٹرایس ایم حسین،علی بہادرخان،ارشدمرزا،ارسلان شیخ،سفیان صابری ودیگر بھی موجودتھے۔