لندن (جیوڈیسک) ورلڈ کپ کھیلنے میں عدم دلچسپی کے باوجود پاکستانی اسپنر سعید اجمل جلد از جلد بولنگ ایکشن کلیئر کرانے کیلیے بے چین تھے اور ان کا مقصد انگلش کاؤنٹی ووسٹر شائر سے معاہدہ تھا جو اب پورا ہو گیا۔
سعید اجمل کا کہنا تھا کہ مجھے ووسٹرشائر کا حصہ ہونے پر فخر اور خوشی ہے کہ تیسری مرتبہ واپس آنیوالا ہوں، میں نے گذشتہ کچھ عرصہ بڑی مشکل میں گزارا مگر اس دوران مجھے نہ صرف پاکستان بلکہ ووسٹر شائر کی بھی سپورٹ حاصل رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یقین دلاتا ہوں ووسٹر شائر نے مجھ پر جو اعتماد کیا اس کا بھرپور صلہ دوں گا۔
واضح رہے کہ 37 سالہ بولر نے حال ہی میں بولنگ ایکشن میں تبدیلی کے بعد آئی سی سی سے کلیئرنس حاصل کی ہے اور انھوں نے گذشتہ سیزن میں ٹیم کی کاؤنٹی چیمپئن شپ کے فرسٹ ڈویژن میں ترقی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔