کراچی (اسٹاف رپورٹر) امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی جانب سے دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کی کاروائیوں کی ستائش کیساتھ حقانی نیٹ ورک کیخلاف فیصلہ کن اقدامات کیلئے پاکستانی قیادت پر زور دینے کو امریکی ڈو مور مطالبہ قرار دیتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی اور نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے آرگنائزر وچیئرمین عمران چنگیزی نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے بارے میں شواہد و اطلاعات کی فراہمی کے بغیر پاکستان سے اس کیخلاف حتمی کاروائی و اقدامات کا امریکی مطالبہ افسوسناک ہے۔
کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ افواج پاکستان کے جراتمندانہ اقدامات نے دہشتگردی کا نیٹ ورک توڑ کر افغانستان سمیت پوری دنیا کو دہشتگردی کے خطرات سے بڑی حد تک محفوظ بنایا ہے اور اس خطرے کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے اسلئے امریکہ کو پاکستان سے ڈو مور کے تقاضوں کی بجائے افغانستان میں پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی پلاننگ کرنے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے۔