امریکہ (جیوڈیسک) وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستان نے سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے، معاشی استحکام اور جمہوری اصولوں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کی۔
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پیغام میں اپنے ملک کی طرف سے اس عزم کر دہرایا کہ ایک متحرک پاکستان کے لیے امریکہ پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
اُنھوں نے ایک بیان میں کہا کہ صدر براک اوباما اور امریکی عوام کی طرف سے پاکستانی عوام کے لیے ’’میں نے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔‘‘
امریکی وزیر خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق جان کیری نے کہا کہ آزادی کے بعد سے پاکستان نے سلامتی کی صورت حال کو بہتر بنانے، معاشی استحکام اور جمہوری اصولوں کے ثمرات عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے سخت محنت کی۔
’’اس موقع پر امریکہ پاکستان کی آزادی کی خوشیوں میں شریک اور ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو متحرک بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔‘‘
اُدھر اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پاکستانی امریکی شہریوں نے کیپٹل ہل میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس کا مقصد بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر امریکی قانون سازوں کو آگاہ کرنا تھا۔
پاکستان اور امریکہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں لیکن بعض اُمور پر اختلافات کے سبب ان میں اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے۔
اس وقت بھی تعلقات میں کچھ تناؤ ہے اور اس کی وجہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کے لیے عسکری امداد روکنا بھی ہے۔ تاہم رواں ہفتے ہی پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کثیر الجہتی ہیں اور اُن کا ملک انھیں بہت اہمیت دیتا ہے۔