کراچی (جیوڈیسک) بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرز اینڈ پورز نے پاکستان کی ریٹنگ جاری کردی ہے، اسٹینڈرز اینڈ پورز نے پاکستان کی طویل اور مختصر مدت کی ریٹنگ کو مستحکم رکھتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کریڈٹ ریٹنگز کے لیے اندرونی اور بیرونی خطرات بدستور موجود ہیں۔
ایس اینڈ پی نے طویل مدت کی ریٹنگ کے آئوٹ لک کو مستحکم رکھتے ہوئے مجموعی معاشی صورتحال کی تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کے لیے پاکستان کو اصلاحات پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی، کریڈنگ ریٹنگ کا تعلق سیکیورٹی مسائل، کمزور ادارہ جاتی اور غیر موثر پالیسیوں، بیرونی رقوم کی آمد، فی کس آمدنی میں کمی، بھاری حکومتی قرض، کمزور مالیاتی کارکردگی اور مانیٹری پالیسی کی لچک میں کمی سے ہے اور پاکستان کو ان تمام چیزوں میں بہتری کے لیے اقدامات کرنا ہونگے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی خطرات بدستور موجود ہیں، پاکستانی افواج کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں لیکن طالبان کا خطرہ ٹلا نہیں ہے، امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد بھی افغانستان کا استحکام مشکل میں رہے گا۔ ایس اینڈ پی کا کہنا ہے کہ چند ماہ سے جاری وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف مہم کے باوجود مسلم لیگ ن کی پوزیشن مضبوط ہے اور اسے مختلف سیاسی جماعتوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔