پاکستان نے معیشت کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کئے، آئی ایم ایف

IMF Meeting

IMF Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) آئی ایم ایف مشن برائے پاکستان کے سربراہ جیفری فرینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی نئی حکومت نے مشکل فیصلے تو کئے لیکن یہ معیشت کی بہتری کے لیے ضروری تھے۔ اسلام آبا میں آئی ایم ایف کے وفد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جیفری فرینک کا کہنا تھاکہ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے پروگرام سے پہلے ہی معیشت کی بہتری کے لیے عملی اقدامات شروع کئے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جعفر مجراد نے کہا آئی ایم ایف کے پروگرام میں آنے سے پاکستان کو دیگر ملکوں اور اداروں کا زیادہ اعتماد حاصل ہوگا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ جولائی اور اگست میں ٹیکسز میں 20 فی صد اضافہ کیا گیا اور 10 ہزار سے زائد ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت معیشت کی بہتری کیلئے جو اہداف مقرر کرے گی انہیں حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش بھی کی جائے گی۔