اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
عیدالفطر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت دیگر شہروں میں کورونا ایس او پیز کے ساتھ نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں پاکستان کی خوشحالی اور دنیا سے کورونا وبا کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث کھلے مقامات پر نماز عید کی ادائیگی میں لوگوں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا جبکہ سرگودھا، جھنگ اور چیچہ وطنی سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کے بعد ٹھنڈی ہواوں سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
حکومت کی جانب سے عالمی وبا کورونا کے باعث عوام کو عید پر زیادہ میل جول اور رش والے مقامات پر جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن اس کے باوجود بعض شہروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں اور لوگ بغیر ماسک کے ایک دوسرے سے گلے ملتے رہے اور عید کی مبارکبادیں دیتے رہے۔