لندن (جیوڈیسک) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ جو پاکستان کا دشمن ہے وہ برطانیہ کا بھی دشمن ہے اور پاکستان کی ترقی ہی پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نوازشریف برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کے بعد لندن میں مقیم اپنے بیٹے حسن نواز کے گھر روانہ ہو گئے، دونوں وزرائے اعظم کے درمیان 2 گھنٹے تک ملاقات جاری رہی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی۔ ملاقات کے دوران برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دشمن برطانیہ کا بھی دشمن ہے، پاکستان کی ترقی پوری دنیا کے مفاد میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں برطانیہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔ وزیراعظم نوازشریف ڈاؤننگ اسٹریٹ پر واقع برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ سے ہوٹل جانے کے بجائے لندن میں مقیم اپنے بیٹے حسن نواز کے گھر روانہ ہو گئے جبکہ اس موقع پر وزیراعظم نے سرکاری گاڑی کے بجائے اپنے بیٹے کی گاڑی ہی استعمال کی، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اپنے 3 روزہ دورے کے دوران اپنے بیٹے کے گھر ہی قیام کریں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم نوازشریف نے برطانوی وزیر دفاع فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ باہمی امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ کیا گیا جب کہ افغانستان سے رواں سال کے آخر میں برطانوی فوج کے انخلا اور فوجی سازو سامان کی خریداری سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔