لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان پر ملتان میٹرو کے حوالے سے فریب پر مبنی الزام تراشی کی گئی لیکن چین کی حکومت نے خط جعلی قرار دے دیا، جو ان کی بے گناہی کا ثبوت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ میں غریب عوام کی خدمت کروں لیکن میں پاکستان کی عوام کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کی خدمت کیلئے ہر قیمت دینے کو تیار ہوں۔ پاکستان کی ترقی پر مخالفین کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ پاکستان دشمن عناصر سی پیک پر وار کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مجھ پر جھوٹ اور فریب پر مبنی الزام تراشی کی گئی لیکن اس کے باوجود میں عوام کی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔مجھے بے بنیاد الزمات میں ملوث نہ کیا جائے۔